- الإعلانات -

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی رقوم کی تقسیم کے دوران کورونا سے بچائو کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

 وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ہنگامی طور پر رقوم کی تقسیم کے دوران کورونا سے بچائو کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ادائیگی مراکز پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، ادائیگیوں کے مراکز پر اس سلسلہ میں سینیٹائزر رکھے گئے ہیں جبکہ معذور اور بوڑھے افراد کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں،بعض مراکز میں سپرے والے واک تھرو گیٹس بھی نصب کئے گئے ہیں اور معذور افراد کے پاس جا کر ان کی بائیو میٹرک کی جا رہی ہے۔17,000 احساس کیش تقسیم کے مراکز ملک بھر میں قائم کئے جائیں گے جن میں سے 9,419 قائم کر دیئے گے ہیں۔ نقد رقم وصول کرنے والوں کے ہجوم سے بچنے کیلئے رقم تقسیم کے مراکز اور کاؤنٹرز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔ احساس ٹال فری ہیلپ لائن 0800-26477 کو شکایات موصول کرنے کیلئے مقرر کیا گیا ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر 1500 شکایات کو دیکھا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں میں فی کس 12000 روپے تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ پروگرام کیلئے 144 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکیج ہے