- الإعلانات -

حکومت کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے سرگرم کوششیں کر رہی ہے،چوہدری فواد حسین

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے سرگرم کوششیں کر رہی ہے، اپوزیشن جماعتیں سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر ملک سے مہلک وباء کے خاتمے کیلئے فعال کردار ادا کریں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پوری دنیا وباء کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور ابھی تک کوئی بھی ملک اس کے علاج کیلئے ویکسین تیار نہیں کر سکا اسلئے عوام سے اپیل ہے کہ وہ غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اور حفاظتی اقدامات پر عمل کر کے وباء پر قابو پانے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں، سماجی فاصلے کی پالیسی پر عمل کر کے وباء سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان نے وباء کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے بروقت اور مثالی اقدامات اٹھائے ہیں، حکومت نے بروقت ہوائی اڈے بند کئے اور ملک کے بعض حصوں میں جزوی لاک ڈائون نافذ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے لاک ڈائون سے متاثر ہونے والے دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کیلئے بھاری ریلیف پیکیج کا اعلان کیا اور مستحق خاندانوں کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے ذریعے انہیں امداد دینے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک لاکھوں کی تعداد میں خاندان مستفید ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ درآمد کئے گئے ٹیسٹنگ کٹس اور وینٹی لیٹرز کی قیمت بہت زیادہ ہے اسلئے ہم نے محدود وسائل اور وقت میں مقامی سطح پر ٹیسٹنگ کٹس اور وینٹی لیٹرز تیار کرنے کا فیصلہ کیا، میں اپنے سائنسدانوں، انجنیئرز اور ٹیکنیشنز کو پانچ ہفتوں میں مشکل ٹاسک مکمل کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں