- الإعلانات -

موجودہ وبائی صورتحال کے پیش نظر ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کیلئے ایک نئے جامع معاشی پلان کی ضرورت ہے

 وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ وبائی صورتحال کے پیش نظر ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کیلئے ایک نئے جامع معاشی پلان کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے بدھ کو چین کے اپنے ہم منصب وانگ یی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں وزراء خارجہ کے مابین کورونا وبائی صورتحال، علاقائی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وباء نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے، کمزور معیشتوں پر اس وباء کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کے واجب الادا قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کی تجویز دی تاکہ یہ ممالک اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس وبائی چیلنج کا مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جی۔20 فورم کی طرف سے واجب الادا قرضوں میں سہولت کی فراہمی کے معاملہ کو زیر غور لانا قابلِ تحسین ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی میں سہولت کے دائرہ کار کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان سمیت، قرضوں کے بوجھ تلے دبے، تمام ترقی پذیر ممالک اس سے استفادہ کر سکیں۔ موجودہ وبائی صورتحال کے پیش نظر ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کیلئے ایک نئے جامع معاشی پلان کی ضرورت ہے۔ دونوں وزراء خارجہ نے موجودہ وبائی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے حوالہ سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا