- الإعلانات -

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی ملاقات

 وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے جمعرات کو یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان سمیت 76 ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کی ادائیگی میں ملنے والی سہولت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کورونا کی عالمی وبا کے نتیجے میں کمزور معیشتوں پر پڑنے والے منفی اثرات کے ازالے کیلئے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کی تجویز دی تھی۔ اس تجویز کو آگے بڑھانے کیلئے 12 اپریل کو سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور عالمی معاشی اداروں کو خطوط لکھے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا بھر میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے اور وزیر اعظم عمران خان کی تجویز کو زیرغور لانے کی مسلسل درخواست کرتے رہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ، ایم ڈی آئی ایم ایف اور عالمی برادری نے اس تجویز پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔جی 20 ممالک کے اجلاس میں پاکستان کی تجویز کو زیر غور لاتے ہوئے پاکستان سمیت 76 ترقی پذیر ممالک کو واجب الادا قرضوں میں سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے۔وزیر خارجہ نے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی کاوشوں کو کامیابی سے نوازا ہے