- الإعلانات -

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحق افراد میں امداد تقسیم کی جارھی ہے

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحق افراد میں امداد تقسیم کی جارھی ہے۔ان میں زیادہ تر دیہاڑی دار مزدور ہیں جن کا کرونا کی وجہ سے کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق ملک بھر میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحق افراد کی امداد کا سلسلہ صبح 8 بجے سے شروع کردیا جاتا ہے۔اور مستحق افراد میں فوری طور پر 12000 روپے فی کس امدادی رقم تقسیم کی جارہی ہے۔ ادائیگیوں کا سلسلہ خوش اسلوبی سے جاری ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ وتخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر تمام سرگرمیوں کو خود مانیٹر کررھی ہیں۔اس موقع پر ادائیگی مراکز میں انتہائی سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ لوگوں کا ہجوم نہ بنے اور شفاف انداز میں ہر کسی کو رقم تقسیم کی جاسکے۔کرونا وبائ کے حوالے سے بھی تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔مراکز پہ ماسکس اور سینیٹائزر مہیا کیا گیا ہے۔جب کہ لوگو ں کے درمیان فاصلے کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔رقم حاصل کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ انھیں بہت خوشی ہوئی ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت نے انھیں یاد رکھا۔اور باعزت طریقے سے امداد فراہم کی۔ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 1 کروڑ 20 لاکھ خاندانوں میں فی کس 12000 روپے تقسیم کئے جارھے ہیں۔پروگرام کے لئے 144 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔اور مستحق افراد میں رقم فوری طور پرتقسیم کی جارہی ہے۔مستحق افراد 8171 پر ایس ایم ایس کرکے پروگرام سے مستفید ہوسکتے ہیں۔اگر احساس ایمرجنسی کیش کا ایس ایم ایس موصول ہوا ہے کہ آپ کو اہلیت کے بارے میں کوائف کی جانچ پڑتال کے بعد مطلع کیا جائے گا تو وہ لوگ دوسرے ایس ایم ایس کا انتظار کریں۔جو 8171 سے اگلے دس دن کے اندر موصول ہوگا۔احساس ایمرجنسی کیش کی جانب سے اگر کسی کو اپنے والدین یا شریک حیات کی اہلیت کا پیغام موصول ہوا ہے اورانکی وفات ہو چکی ہے تو وہ 080026477 پر رابطہ کریں۔مرحومین کے نام اہلیت کے جاری کردہ پیغام کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ انکے ورثاء نے نادرا کے ریکارڈ میں اموات کا اندراج نہیں کروایا۔?اگر ادائیگی کے وقت انگلیوں کے نشانات کی بائیومیٹرک تصدیق نہیں ہوتی تو ان کو نادرا کے قریبی دفتر سے تصدیق کروانی ہوگی۔ ان کی سہولت کیلیئے نادرا کے دفاترکھلوائے جائیں گے جن افراد کے شناختی کارڈ یکم ستمبر2019 کے بعد زائدالمیعاد ہو چکے ہیں وہ اپنے پرانے شناختی کارڈ کی بنیاد پر رقم وصول کر سکتے ہیں۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں حبیب بنک کے نامزد ریٹیلرز کے ذریعے جبکہ خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بنک الفلاح کے نامزد ریٹیلرز سے رقوم وصول کی جاسکتی ہیں۔ اگر ایسے ضلع یا صوبہ میں مقیم ہیں جو آپکے شناختی کارڈپر درج پتے سے مختلف ہے تو آپ ادائیگی کیلیئے نامزد بنکوں سے کسی بھی دوسرے ضلع یا صوبے میں ادائیگی کا ایس ایم ایس دکھا کر بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے رقم وصول کرنے کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کے شناختی کارڈ کا پتہ خیبر پختونخواہ کا ہے اور آپ اس وقت کراچی میں ہیں تو آپ بنک الفلاح کی کسی بھی برانچ میں جا کر کراچی میں پیسے نکالنے کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں