- الإعلانات -

پی سی ہوٹل کی جانب سے خصوصی کورونا وائرس پیکج نے پاکستانیوں کو غصے سے آگ بگولا کردیا

 پی سی ہوٹل کی طرف سے لوگوں کے لیے خصوصی کورونا وائرس پیکج متعارف کروا دیا گیا ہے جس پر پاکستانی آگ بگولہ ہوئے بیٹھے ہیں۔ویب سائٹ ’مینگوباز‘ کے مطابق پی سی ہوٹل کی طرف سے اپنی ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ آپ سماجی میل جول میں فاصلے اور قرنطینہ کی سہولت پی سی میں حاصل کر سکتے ہیں اور وہ بھی خصوصی رعایت کے ساتھ۔ اس اشتہار کو ہوٹل کی طرف سے ’Distancing In Comfort‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ اشتہار میں بتایا گیا ہے کہ اس پیکج میں کمروں کے یومیہ ریٹ 10ہزار 499 بمعہ ٹیکس سے شروع ہوں گے۔ اس میں کسٹمرز کو تین وقت کھانا، سینی ٹائزر اور ایک فیس ماسک دیا جائے گا۔ہوٹل کے اس اقدام کو سوشل میڈیا صارفین کڑی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ حرمت علی شاہ نامی صارف نے لکھا ہے کہ ”دنیا بھر کی اشرافیہ یکساں بے شرم ہے لیکن پاکستانی اشرافیہ بے حسی کی حد تک بے شرم ہے۔ لوگوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں مگر پاکستانی اشرافیہ کی زندگی اسی طرح لگژری چل رہی ہے۔“علی نامی صارف نے لکھا کہ ”10ہزار 400روپے میں دو مستحق گھرانوں کا مہینے کا خرچ چل سکتا ہے۔ اگر یہ وباءبھی اشرافیہ کے ضمیر کو نہیں جگا سکی تو پھر کیا چیز جگائے گی؟“