- الإعلانات -

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا پراپرٹی پر سٹیمپ ڈیوٹی میں کمی کیلئے آرڈیننس اور انسداد دخیرہ اندوزی آرڈیننس لانے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار نے دیپالپور، چشتیاں اور ساہیوال کے طوفانی دورے کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تینوں شہروں کے ہسپتالوں میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات اور آئسولیشن وارڈز میں طبی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گندم خریداری مراکز کے بھی دورے کئے اور کاشتکاروں کی سہولت کیلئے مراکز پر کئے جانے والے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت دیپالپور، چشتیاں اور ساہیوال میں اعلیٰ سطح کے اجلاس منعقد ہوئے جن میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات، گندم خریداری مہم اور انسداد ڈینگی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دیپالپور میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں مردوں اور خواتین کیلئے بنائے گئے آئسولیشن وارڈز کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال میں ڈائلسیز سینٹر بھی دیکھا اور ڈائلسیز سینٹر میں گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے طبی سہولتوں کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب میں تعمیراتی سیکٹر کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں سٹیمپ ایکٹ میں ترمیم کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں پنجاب کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ اسی طرح پنجاب میں انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس 2020 کا اجراءکیا جا رہا ہے اور اس کی کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دیپالپور میں گندم خریداری مرکز کا بھی معائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے سینٹر پر موجود کاشتکاروں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حکومت نے ہماری سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔ کاشتکاروں کیلئے گندم خریداری مرکز پر ایسے شاندار انتظامات کبھی نہیں دیکھے۔سینٹر پر کسان سہولت کے ساتھ اپنی گندم فروخت کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ہر صورت کیا جائے گا۔خریداری گندم مہم میں گرداوری کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر ناپ تول میں کمی سمیت کسی قسم کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیئے۔جہاں سے بھی کوئی شکایت آئی، سخت ایکشن لیا جائے گا۔ خریداری مراکز پر کاشتکاروں اور عملے کے تحفظ کیلئے ایس او پیز پرسختی سے عملدرآمد جاری رکھا جائے اور سینی ٹائزر کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اوکاڑہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات، گندم خریداری مہم اور انسداد ڈینگی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزراءسید صمصام بخاری، نعمان لنگڑیال، اعجاز عالم، اراکین اسمبلی، تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز ، تحریک انصاف کے ضلعی صدر و جنرل سیکرٹری اور انتظامی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے اور انتظامی افسران متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ یہ وقت عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونے کا ہے۔ کورونا کے ساتھ انسداد ڈینگی، گندم خریداری مہم اور صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنایا جائے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اوکاڑہ دیپالپور روڈ کی تعمیر و بحالی کا کام جلد شروع کرنے کا اعلان کیا اور سڑک کی تعمیر و بحالی کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین دیپالپور میں عدم دستیاب سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر مہیا کریں گے۔اوکاڑہ میں منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی کام ہوں گے اور اوکاڑہ میں تعلیم، صحت اور دیگر سہولتوں کی بہتری کیلئے ہرممکن وسائل دیئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کورونا سے نمٹنے، مریضوں کے علاج معالجے، انسداد ڈینگی اور گندم خریداری مہم کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی