- الإعلانات -

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت اہم اجلاس

اسلام آباد ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزارت وفاقی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت و اعلیٰ تعلیم کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں آن لائن تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے یہ ہدایت یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں کے بند ہونے کی وجہ سے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے مختلف طریقوں پر غور کیا گیا۔ تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے طلباءکا نقصان ہو رہا ہے اس لئے اسے کم کرنے کے لئے جدید معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے صدر مملکت کو ٹی وی چینل کے ذریعے تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے وزارت کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت وفاقی تعلیم نے ٹیلی سکول کے نام سے ایک ٹی وی چینل شروع کیا ہے جس کا مقصد انگریزی، ریاضی، اردو اور سائنس جیسے بڑے مضامین کے لئے جماعت اول سے جماعت 12 تک کے طلباءکے لئے روزانہ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبق فاﺅنڈیشن، تعلیم آباد، ایم یو ایس ای، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور نالج پلیٹ فارم سمیت ایڈ ٹیک کمپنیوں اور شراکت داروں کی طرف سے تعلیمی مواد مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ صدر مملکت نے مختصر وقت میں آن لائن تعلیم کی فراہمی کا نظام وضع کرنے پر وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے اقدامات کو سراہا۔ صدر مملکت نے ٹی وی چینل کے ذریعے تعلیم کی فراہمی پر وزارت کی ٹیم کو مبارکباد دی جس کی وجہ سے طلباءکی مشکلات میں کمی آئے گی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجہیہ اکرم، وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر ساجد یوسفانی، ٹیکنیکل ایڈوائزر عنبرین عارف، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری اور کمیبرج انٹرنیشنل کی کنٹری ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے شرکت کی