- الإعلانات -

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے منگل کو پارلیمنٹ ہاو¿س میں ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی جس میں این ایچ اے حکام نے بلوچستان میں جاری منصوبوں اور ان پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں این ایچ اے حکام نے بتایا کہ دالبندین۔ زیارت۔ بالانوش روڈ کی فزیبلٹی مکمل کر لی گئی ہے اور 71 کلومیٹر روڈ پر سات ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ این ایچ اے حکام نے بتایا کہ اب ٹینڈر کئے جائیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ منصوبہ انتہائی اہم ہے، علاقے کی ترقی ہوگی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ٹینڈر کا مرحلہ جلد مکمل کیا جائے۔ حکام نے بتایا کہ مزید نو کنڈی۔ ماشکیل روڈ کی فزیبلٹی آخری مراحل میں ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسکا بھی جلد ٹینڈر کیا جائے جبکہ انہوں نے کوئٹہ۔نوشکی پورشن اور کیشنگی موڑ جلد مکمل کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ حکام نے بتایا کہ پلاننگ کمیشن سے جلد فزیبلٹی کی منظوری لی جائے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے نوکنڈی۔ تفتان سیکشن پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ معیار زندگی میں تبدیلی لانے کے لئے بہتر مواصلاتی نظام انتہائی اہم ہے اور بلوچستان میں جاری منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کا نیٹ ورک جتنا مضبوط ہوگا معیشت کا پہیہ اتنی تیزی سے چلے گا۔ این ایچ اے حکام نے یقین دہانی کرائی کہ چاغی۔ دالبندین کا ٹینڈر نگ مرحلہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کےلئے روڈ کا نیٹ ورک ضروری ہے