- الإعلانات -

آج کے حالات کا مقابلہ کرنے کےلئے فلسفہ اقبال ہمارے لئے مشعل راہ ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج کے حالات کا مقابلہ کرنے کےلئے فلسفہ اقبال ہمارے لئے مشعل راہ ہے، عمران خان چاہتے ہیں کہ نوجوان اپنے خیالات بلند رکھتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت میں ہراول دستہ بنیں۔ منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ شاعر مشرق اور مصور پاکستان علامہ اقبال کی برسی کے موقع پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلمانان برصغیر کیلئے ان کا علیحدہ وطن کا خواب پاکستان کی بنیاد بنا۔ انہوں نے غلامانہ سوچ کی نفی اور حریت فکر کو اجاگر کیا۔ اقبال کے پیغام کی آفاقیت کا ثبوت ہے کہ آج ان کا پیغام دنیا بھر میں پڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے فلسفہ اقبال ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو خودی کا پیغام دیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ نوجوان اپنے خیالات بلند رکھتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت میں ہراول دستہ بنیں۔ انہوں ہے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حضرت اقبال کے درجات بلند فرمائے