- الإعلانات -

طبی عملہ کے لئے حفاظتی کٹس کی فراہمی پر صدر پاکستان اور چیئرمین این ڈی ایم اے کا شکریہ ادا کرتے ہیں، صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان کی چیئرمین این ڈی ایم اے کی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ملاقات میں گفتگو

صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے کا دورہ کیا اورچیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہیں این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن روم میں کورونا وباء کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ممبر آپریشنز این ڈی ایم اے نے صدر ریاست کو کووڈ۔ 19 کے حوالہ سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مشکل اور غیر یقینی کی اس صورتحال میں این ڈی ایم اے نے انتہائی مؤثر کردار ادا کیا۔ این ڈی ایم اے کے بروقت اور مؤثر اقدامات کی بدولت ملک بھر اور آزاد کشمیر میں وباء کا پھیلاؤ کم رہا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملہ کے لئے حفاظتی کٹس کی فراہمی پر صدر پاکستان اور چیئرمین این ڈی ایم اے کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان اقدامات کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے ایک مثبت پیغام گیا ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی قابض فوج نے کورونا کی آڑ میں کشمیر میں سرچ آپریشن اور ظلم و ستم بڑھا دیا ہے۔ کشمیری نوجوانوں کو عقوبت خانوں میں شہید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام کے کورونا سے بچاؤ کے لئے اقدامات نا کافی ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے تمام ڈاکٹروں اور طبی عملہ کے لئے مزید حفاظتی کٹس ارسال کی جا رہی ہیں۔ ملک بھر میں ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی تعداد اور روزانہ ٹیسٹنگ کی استعداد میں بتدریج اضافہ کیا جا رہا ہے