- الإعلانات -

علمائے کرام رمضان المبارک کے دوران مساجد میں حفاظتی انتظاما ت کو یقینی بنانے اور کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے قومی کوششوں میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور

پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور آفتاب جہانگیر نے کہا ہے کہ علمائے کرام رمضان المبارک کے دوران مساجد میں حفاظتی انتظاما ت کو یقینی بنانے اور کورونا وائرس کے خاتمہ کے لئے قومی کوششوں میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، جمعرات کو پی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذہبی سکالرز نے کووڈ۔19کے پھیلائو کی روک تھام کے لئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا عزم کر رکھا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء بن گیا ہے جو خطرناک طور پھیل رہا ہے اس لئے علمائے کرام جن کا معاشرہ میں بڑا مقام ہے ،عام لوگوںکو احتیاطی تدابیر کے لئے رہنمائی کرسکتے ہیں تاکہ کسی بھی علاقہ میں مہلک وائرس نہ پھیلے۔ آفتاب جہانگیر نے کہا کہ علمائے کرام نے ایس او پیز پر مئو ثر عمل درآمد کرتے ہوئے مساجد میں حفاظتی انتظامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوںنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ۖ کی تعلیمات ہیںکہ وباء کی صورت میں حفاظتی انتظامات کئے جائیں اور دوسروں کے لئے مسائل پیدا نہ کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا اس وقت گھروں پر رہنا بہترین سٹریٹیجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے رمضان المبارک کے دوران خصوصی عبادات کے انتظامات کے لئے ایس او پی کی تیاری کے لئے علمائے کرام کے ساتھ ملاقاتیں کرکے بر وقت اقدامات اٹھائے ہیں