- الإعلانات -

ٹیلی سکول کے ذریعے تعلیم کی فراہمی سے متعلق بچوں اور والدین کا رد عمل جاننے کے لئے طریقہ کار وضع کر رہے ہیں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کا اسلا م آباد کالج فار گرلز ایف سکس میں تقریب سے خطاب

وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ٹیلی سکول کے ذریعے تعلیم کی فراہمی سے متعلق بچوں اور والدین کا رد عمل جاننے کے لئے طریقہ کار وضع کر رہے ہیں، یہ ٹیلی سکول تعلیم بالغاں، سکول نہ جانے والے بچوں کو تعلیم کی فراہمی اور اساتذہ کی تربیت کے لئے بھی بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلا م آباد کالج فار گرلز ایف سکس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے دورہ کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وباء کے خلاف پوری قوم متحد ہو کر کھڑی ہو گئی ہے۔ موجودہ صورتحال میں اساتذہ طالب علموں کو ٹیلی سکول کے ذریعے تعلیم کی فراہمی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ وزارت تعلیم کے عملے اور اساتذہ کرام کے عزم سے یہ ثابت ہوا ہے کہ ہم یہ سب کچھ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے فاصلاتی تعلیم کو فروغ دینے کا بہترین موقع ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ اکرم نے کہا کہ اساتذہ کرام اور پوری ٹیم بچوںکو تعلیم کی فراہمی کے لئے بھرپور محنت کررہی ہے