- الإعلانات -

کورونا وائرس ایک آفت ہے اس سے نجات کیلئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ استغفار کرتے ہوئے اﷲ کی طرف رجوع کرنا چاہئے، مولانا طارق جمیل

معروف مبلغ و عالم دین مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک آفت ہے اس سے نجات کیلئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ استغفار کرتے ہوئے اﷲ کی طرف رجوع کرنا چاہئے۔ جمعرات کو وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ کے حوالہ سے احساس ٹیلی تھون کے اختتام پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ہر سطح پر احتیاطی تدابیر کے حوالہ سے عوام میں آگاہی پیدا کی جا رہی ہے، وباء سے بچائو اور غریب عوام کے معاشی تحفظ کے حوالہ سے وزیراعظم عمران خان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد میں باجماعت نماز کے حوالہ سے حکومت اور علماء کرام کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے حوالہ سے تجاویز دی گئی ہیں، عوام ان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ناگہانی آفات سے بچنے کیلئے جھوٹ، دھوکہ دہی، خیانت اور بے حیائی جیسی برائیوں سے اجتناب کرنا چاہئے، مسلمان توبہ کریں اور پوری انسانیت کی فلاح کیلئے دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے اپنے گھروں میں دو رکعت نفل پڑھیں، استغفار کریں اور اﷲ سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایماندار ہیں اور اپنے ملک کے نوجوانوں کو سنت نبویۖ سے وابستہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل گھڑی میں غریب اور مستحق لوگوں کی مدد میں حصہ ڈالیں۔ اس موقع پر انہوں نے ناگہانی آفات سے بچائو اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی بھی کرائی