- الإعلانات -

قتل کے مجرم کو آج تختہ دار پر لٹکایا جائیگا

فیصل آباد۔11 اپریل(اے پی پی )انسداد دہشت گردی فیصل آباد کی خصوصی عدالت کے جج راجہ پرویز اختر نے قتل کے مجرم عدیل شہزاد کو آج 12 اپریل بروز منگل کوتختہ دار پر لٹکانے کیلئے بلیک وارنٹ جاری کردیئے ہیں جبکہ سنٹرل جیل فیصل آباد میں پیر کے روز مجرم کے اہل خانہ ، ورثاء، عزیز واقارب سے اس کی آخری ملاقات بھی کروا دی گئی ہے۔ سنٹرل جیل فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ پولیس تھانہ پیر محل کے علاقہ رضا آباد گلی نمبر 3 کے رہائشی مجرم عدیل شہزاد نے 18فروری 2001ءکو دیرینہ دشمنی پر اندھادھند فائرنگ کرکے اپنے مخالف کو موت کے گھاٹ اتار دیاتھا۔ مقدمہ کے چالان انسداد دہشت گردی فیصل آباد کی خصوصی عدالت میں پیش کیے جانے پر وقت کے سپیشل جج چوہدری محمد اکرام نے 9مئی 2001ءکو مجرم کو سزائے موت اور جرمانہ کی سزا کاحکم سنایا تھا۔انہوںنے بتایاکہ بعد ازاں عدالت عالیہ اور عدالت عظمیٰ نے مجرم کی فیصلہ کے خلاف اپیلیں مسترد کردیں جبکہ اب ایوان صدر نے بھی مجرم کی رحم کی اپیل مسترد کردی ہے جس پر اسے پھانسی دینے کیلئے بلیک وارنٹ جاری کردیئے گئے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ مجرم کو آج منگل کی علی الصبح بوقت نمازفجر تختہ دارپر لٹکادیاجائیگا۔ مجرم کو پھانسی دینے کیلئے جیل انتظامیہ کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔