- الإعلانات -

صدر مملکت کی زیر صدارت بلوچستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطح کا اجلاس

صدر مملکت عارف علوی ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی اور وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔بدھ کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کی زیر صدارت بلوچستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر نے صدر مملکت کو بلوچستان میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل، گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی، وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل وسیم اشرف سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مربوط لائحہ عمل کے تسلسل کو قائم رکھیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے اقدامات تسلی بخش ہیں لاک ڈاون کے دوران غریب افراد کی معاونت کو موثر بنایا جائے