- الإعلانات -

صرف مسلمانوں کیلئے بھارت کا رویہ خطرناک نہیں، آج ہندوستان کی تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صرف مسلمانوں کیلئے بھارت کا رویہ خطرناک نہیں بلکہ آج ہندوستان کی تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔بدھ کو امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی رپورٹ کے حوالے سے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ آج نیویارک ٹائمز، واشنگٹن پوسٹ اور گارڈین سب صف اول کے میڈیا نے امریکی کمیشن کی تازہ ترین رپورٹ پر رائے کا اظہار کیا ہے۔صرف مسلمانوں کیلئے بھارت کا رویہ خطرناک نہیں بلکہ آج ہندوستان کی تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔ایسے 328 مختلف واقعات کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں جبرآ تبدیلی مذہب کی کوششیں کی گئی ہیں ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان میں کروڑوں کی تعداد میں ایسے لوگ بھی ہیں جو مثبت سوچ کے حامی ہیں ۔ سیکولر ہندوستان کے حامی بھی بھارت سرکار کے رویے کے خلاف آوازیں اٹھا رہے ہیں۔کچھ عرصہ قبل دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام ساری دنیا نے دیکھا مگر مصلحتاً خاموشی اختیار کی لیکن اب خلیجی ممالک نے مسلمان شہریوں کے ساتھ ہندوستان کے رویے کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ان ممالک میں بہت سے بھارتی شہری مقیم ہیں مگر ان پر تو زندگیاں تنگ نہیں کی گئیں ۔شا محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی کو میں نے دوبارہ خط لکھا ہے میں نے ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ کو خطوط ارسال کیے ہیں کہ وہ عالمی سطح پر اس رویے کے خلاف آواز اٹھائیں۔انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں اور بین الاقوامی میڈیا کی رائے تیزی سے ہندوستان کے حوالے سے بدل رہی ہے ۔امیت شاہ مسلمانوں کو کورونا وائرس کی وبا کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں، بھارت کے مسلمانوں کو کورونا بم سے تشبیہ دے رہے ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے۔ایک طرف اقلیتوں کے خلاف بھارتی اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور دوسری طرف پاکستان کی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے