- الإعلانات -

کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت بیک وقت دو محاذ پر سرگرم عمل ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی اور وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے یہاں گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی اور وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے ملاقات کی اور بلوچستان میں کورونا وائرس کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا وزیر اعلی بلوچستان نے صدر مملکت کو تفتان اور پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں قائم قرنطینہ مراکز میں سہولیات کی فراہمی سے آگاہ کیا جبکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کورونا وائرس کی مقامی آبادی میں منتقلی کا جائزہ لینے کے لیے رینڈم ٹیسٹ کے انعقاد کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ صدر مملکت کو احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد کی فراہمی پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا وزیر اعلی اور گورنر بلوچستان نے لاک ڈاون کی صورتحال پر بھی صدر مملکت سے تبادلہ خیال کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت بلوچستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت بیک وقت دو محاذ پر سرگرم عمل ہے حکومت عوام کو اس موذی وباءسے بچانے کے ساتھ ساتھ غربت سے بھی لڑ رہی ہے انشاءاللہ اس جنگ میں کورونا کو شکست دے کر دنیا کو دکھا دیں کہ ہم ایک منظم باشعور قوم ہیں ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ بھی موجود تھے