- الإعلانات -

حکومت کورونا وائرس کی وبا کے ساتھ ساتھ غربت کے خلاف بھی لڑ رہی ہے عوام کے منتخب نمائندے اس مشکل گھڑی میں حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کےارکان پر زوردیا ہے کہ وہ عوام کے منتخب نمائندے ہونے کی حیثیت سے اس مشکل گھڑی میں حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں ۔حکومت کورونا کے ساتھ ساتھ غربت کے خلاف بھی لڑ رہی ہے۔ منتخب نمائندے غریب عوام کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ آگاہی کی ترویج کیلئے کلیدی کردار اداکریں۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹس میں انہوں نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے تدارک کے لئے پوری قوم متحد اور یکجا ہوکر جنگ لڑ رہی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں کورونا وئرس کے تدارک کے ساتھ ساتھ احساس کفالت پروگرام کے تحت غریب طبقات کی مشکلات کے ازالہ کیلئے بھرپور اور مربوط اقدامات اٹھارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔اس وباءکے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے تعاون سے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈاﺅن کے دوران غریب افراد کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے۔ انہوں نے کہاکہ تجارتی مراکز بند ہونے کے اثرات محنت کش اور کاروباری طبقات پر پڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بہت جلد کورونا وائرس کو شکست دے کرمعمولات زندگی بحالی کی جانب گامزن ہوں گے۔ صدر مملکت نے کہاکہ کورونا وائرس کی اس غیرمعمولی صوتحال میں تعلیمی سلسلہ کو جاری رکھنے کیلئے ٹیلی ویژن اور ایف ایم ریڈیو کو بروئے کار لاکر تعلیمی حرج کو پورا کیاجا سکتاہے۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی اس وباءمیں ہم نے بہت سی مثبت باتیں بھی سیکھی ہیں اور یہ واضح ہواکہ خوراک اور زرعی پیداوار میں خود کفالت حاصل کرکے خوراک کے بحران سے بچا جا سکتا ہے