- الإعلانات -

عمران خان ہنڈی کے ذریعے20 لاکھ ڈالر منگوانے کا اعتراف کر چکے ہیں

عمران خان ہنڈی کے ذریعے20 لاکھ ڈالر منگوانے کا اعتراف کر چکے ہیں،سابق جج صاحبان عمران خان کے روئیے کی وجہ سے انکوائری کمیشن میں آنے سے انکاری ہیں،دانیال عزیز
اسلام آباد ۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان کا جھوٹ قوم کے سامنے آ گیا ہے، تحریک انصاف کے فنڈز میں خوردبردذ پاکستان کی تاریخ کا اہم کیس ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان خود یہ تسلیم کر چکے ہیں کہ انہوں نے ہنڈی کے ذریعے20 لاکھ ڈالر پاکستان منگوائے ہیں۔ تحریک انصاف کی وجہ سے 5 ججوں نے انکوائری کمیشن میں آنے سے انکار کیا ہے۔ پیر کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ پانامہ پیپرز میں صداقت نہیں، حکومت نے اس پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے تاہم اب تک 5سابق جج صاحبان نے اس کمیشن کی سربراہی سے معذوری ظاہر کر چکے ہیں وہ عمران خان کے روئیے کی وجہ سے انکاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز گھپلوں کا کیس اہم ہے اس کی انتظامیہ، عدلیہ اور الیکشن کمیشن فوری سماعت کر کے فیصلہ دیں تا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں منی لانڈرنگ اور ہنڈی کے ذریعے پیسے منگوانے اور ان کی خوردبرد پر تحریک انصاف کے خلاف کارروائی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ قوم کے سامنے جھوٹ بول رہے ہیں، ان کے وکلاءیہاں سماعت کے دوران پیش نہیں ہوئے۔ وہ پرسکون ہیں کیا ان کو غائب کا علم ہے، سال ہا سال گزرنے کے باوجود اس انوکھے لاڈلے کے خلاف جو کھیلنے کو چاند مانگے ہے، سماعت نہیں ہو رہی، آزاد اداروں کو ان کے خلاف فیصلے کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے این اے 122سے امیدوار علیم خان نے الیکشن کمیشن میں 180جعلی حلف نامہ جمع کرائے۔ فنڈز کے کیس میں ہی بہانے بنائے جا رہے ہیں، حکم امتناعی کی درخواست ہی نہیں دی گئی، انہیں عدالت کے سامنے پیش ہو کر الزامات کا سامنا کرنا ہو گا۔