- الإعلانات -

کراچی ائیرپورٹ کو ہائی وے کی طرف منتقل کرنے پر کام ہورہا ہے: گورنر سندھ

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ آبادی میں ہے اور اسے ہائی وے کی طرف منتقل کرنے پرکام ہو رہا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ایک تحقیقاتی کمیٹی بنادی گئی ہے، تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعظم عوام تک پہنچائیں گے جس کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
طیارہ حادثہ: جہاز کے پائلٹ کیپٹن سجاد گل سپرد خاک
طیارہ حادثہ تحقیقاتی ٹیم کا جائے وقوع کا دورہ، عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ
طیارہ حادثہ: متاثرہ علاقے میں گھروں میں کام کرنے والی تین ملازمہ بھی جھلس گئیں
طیارہ حادثہ: پی آئی اےکا جاں بحق افراد کی تدفین کیلئے فی کس 10 لاکھ دینے کا اعلان
انہوں نے بتایا کہ میتوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کی ٹیم جامعہ کراچی میں اپنا کام کر رہی ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ جو مکانات تباہ ہوئے ہیں ان کے رہائشیوں کو ہوٹل میں رہنے کا کہا ہے، ائیر پورٹ کے پاس 4،4 منزلہ عمارتیں بن رہی ہیں، یہ مافیا پورے کراچی میں اپنی کارروائیاں کر رہا ہے۔

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ ائیر پورٹ کے اطراف زیر تعمیر عمارتوں کا کام رک جانا چاہیے، اس حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) اور متعلقہ اداروں سے بھی پوچھا جائے گا۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی ائیرپورٹ آبادی میں ہے اور اسے ہائی وے کی طرف منتقل کرنے پرکام ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیرلائن کی پروازپی کے 8303 جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی جس سے 97 افراد جاں بحق جب کہ صرف دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔