- الإعلانات -

ترقی یافتہ ممالک ترقی پذیرممالک کی امداد میں اضافہ کریں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کو چاہیے کہ وہ ترقی پذیر ممالک کی امداد میں اضافہ کریں۔

کورونا وائرس کے بعد ترقی اور سرمایہ کاری پر اعلی سطح ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا ایک عالمی مسئلہ ہے جس نے عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے، وائرس کی وجہ سے ہماری برآمدات متاثر ہوئیں اور ترقی پذیر ممالک زیادہ متاثرہوئے، ترقی یافتہ ممالک مل کر اس مسئلے کا حل نکال سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نائیجریا، ایتھوپیا اور مصر کو بھی ہمارے جیسے حالات کا سامنا ہے، عالمی وبا سے مشترکہ کوششوں سے ہی نمٹا جاسکتا ہے، کورونا کے خلاف جی 20 ممالک کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں تاہم ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے جو مدد اب تک کی جا چکی ہے اس سے زیادہ مدد ہونی چاہیے جب تک اس مسئلے کو عالمی مسئلے کے طور پر حل نہیں کیا جاتا اس سے نمٹنا مشکل ہوگا۔