- الإعلانات -

کراچی میں رینجرز کی کارروائی، انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر کاشف عرف ڈیوڈ گرفتار، جدید اسلحہ، رینجرز کی وردیاں برآمد

کراچی ۔  پاکستان رینجرز سندھ نے عزیز آباد میں نائن زیرو کے قریب کارروائی کے دوران بدنام ٹارگٹ کلر کاشف عرف ڈیوڈ کو گرفتار کر لیا۔ بظاہر ٹیوشن سینٹر کے نام پر قائم اسلحہ خانے سے بڑی تعداد میں جدید اسلحہ، آوان بم اور رینجرز کی وردیاں بھی برآمد کر لی گئیں۔ رینجرز کی بھاری نفری نے منگل کو علی الصبح نماز فجر سے پہلے ایم کیو ایم ہیڈ کوارٹر نائن زیرو کے اطراف عزیز آباد کے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ رینجرز نے ایک گھر کا تالہ توڑ کر تلاشی لی، جس سے بڑی تعداد میں جدید اسلحہ، آوان بم اور رینجرز کی وردیاں برآمد ہوئیں۔ برآمد ہونے والے اسلحہ میں مہلک ہتھیار بھی شامل تھے۔ اسلحہ خانہ کے طور پر استعمال ہونے والے مکان کے باہر ٹیوشن سینٹر کا بورڈ لگا ہوا تھا۔ ونگ کمانڈر رینجرز سندھ کرنل فیصل نے صحافیوں کو بتایا کہ کاشف عرف ڈیوڈ انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ہونے والے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر کاشف عرف ڈیوڈ کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے اور وہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے کئی واقعات میں مطلوب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کاشف کو گذشتہ رات ایک آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا اور اس کی نشاندہی پر یہ کارروائی کی گئی ہے جس کے دوران اسلحہ برآمد ہوا۔