- الإعلانات -

ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 1 لاکھ سے زائد ہوگئی، 2 ہزار جاں بحق

کراچی: ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ سے زائد ہوگئی جب کہ 2 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 23 ہزار 100 ٹیسٹ ہوئے جب کہ 5 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ کورونا مریضوں کے حوالے سے ملک میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔

اس طرح ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 487 ہوگئی جن میں سے 33 ہزار 976 مریضوں نے اس وائرس کو شکست دے دی ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک مرتبہ پھر سب سے زیادہ ہوگئی ہے۔ ملک کے سب سے بڑے صوبے میں کورونا کے مصدقہ مریض 37 ہزار 90 ہوگئے۔ اسی طرح سندھ میں 38 ہزار 108، خیبر پختونخوا میں 13 ہزار 487، بلوچستان میں 6 ہزار 516، اسلام آباد میں 4 ہزار 979، آزاد کشمیر 375 اور گلگت بلتستان میں 932 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 67 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے لقمہ اجل بننے والے افراد کی تعداد 2032 ہوگئی۔

پنجاب میں کورونا کے مریضوں کے تعداد سب سے زیادہ ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں اموات بھی سب سے زیادہ ہوئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 683، سندھ میں 634 ، خیبر پختون خوا میں 561، بلوچستان میں 54، وفاقی دارالحکومت میں 45، گلگت بلتستان میں 13 جب کہ آزاد کشمیر میں 8 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔