- الإعلانات -

ملک بھر میں کورونا کیسز 1 لاکھ 68 ہزار ہوگئے، 3294 جاں بحق

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 68 ہزار 664 ہوگئی جب کہ مزید 136 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 294 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 68 ہزار 664 اور مرنے والوں کی تعداد 3294 ہوگئی۔ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 136 مریض دم توڑ گئے، ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز ایک لاکھ 450 ہیں اور 61 ہزار 383 کورونا کے مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز 65 ہزار 163، پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 61 ہزار 678، خیبر پختونخوا میں 20 ہزار 790، بلوچستان میں 9 ہزار 162، اسلام آباد میں کورونا کیسز 9941، گلگت میں 1225، آزاد کشمیر میں 769 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا کیسز تین ہفتے تک مسلسل بڑھنے کے بعد مسلسل پانچ دن سے کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے تاہم پچھلے 24 گھنٹے کے دوران مزید 4944 کورونا پازیٹو کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا مریضوں کے لیے مزید 103 وینٹی لیٹرز فراہم کیے گئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 1503 ہوگئی جب کہ جولائی کے آخر تک ملک میں مزید 1500 وینٹی لیٹرفراہم کردیئے جائیں گے۔

ملک بھرمیں مزید 2150 آکسیجن بیڈز کی فراہمی کے لیے جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ این سی او سی کے مطابق جولائی کے وسط تک ملک میں کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت ایک لاکھ یومیہ تک لے جائی جائے گی۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔