- الإعلانات -

لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں کورونا کے سنگین مریضوں کے لیے بستروں کی کمی

لاہور: صوبائی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے مشکل ترین شہر بنتا جارہا ہے جہاں اس کے سرکاری ہسپتالوں میں وائرس کے سنگین مریضوں کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافے کے بعد ان کے لیے بستروں کی کمی ہوگئی ہے جبکہ پنجاب میں سب سے زیادہ یہاں روزانہ کی اموات بھی ہو رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت لاہور کے بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا وارڈز تقریبا بھر چکے ہیں، جبکہ تیماردار اپنے کورونا وائرس کے سنگین مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں داخل کروانے کے لیےادھر سے ادھر بھاگ رہے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق جناح، سروسز، میو اور لاہور جنرل ہسپتالوں سمیت ٹیچنگ اداروں میں صحت حکام سرکاری ریکارڈز میں ’مناسب تعداد میں بستروں کی دستیابی‘ کا دعویٰ کرکے مریضوں کو صرف ’بے وقوف‘ بنارہے ہیں۔

کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہونے پر ہسپتالوں میں بستروں کی کمی

تاہم ان کا کہنا ہے کہ حقیقت میں صورتحال انتہائی پریشان کن ہے کیونکہ بستر کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو ان ہسپتالوں میں داخلے سے انکار کیا جارہا ہے‘۔

کورونا وائرس کی 45 سالہ مریض رافعہ کو اس کے اہل خانہ نے جمعہ کی رات جناح ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بستر کی عدم دستیابی کا کہتے ہوئے انہیں کسی دوسرے ہسپتال لے جانے کا مشورہ دیا۔

رافعہ کے شوہر اشفاق نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہم مریضہ کو لاہور جنرل ہسپتال لے گئے لیکن وہاں بھی کوئی بستر نہیں ملا‘۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) پہنچے تو استقبالیہ کے عملے نے انہیں صحت کی سہولت میں داخلے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بستر دستیاب نہیں ہے۔

اس کی سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے آخر مریضہ کے شوہر نے انہیں جیل روڈ کے ایک مہنگے نجی ہسپتال میں داخل کرادیا۔

ایک اور تیمار دار ثاقب نے بتایا کہ وہ ہفتہ کی صبح اپنے والد کو وائرس کے علاج کے لیے سروسز ہسپتال لے گئے لیکن ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ تمام بستر اس وقت بھرے ہوئے ہیں۔

کراچی میں 600 بستروں پر مشتمل فری کورونا ہسپتال قائم

دریں اثنا پنجاب میں ہفتے کا روز بھی برا ثابت ہوا جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے 82 افراد کی جانیں چلی گئیں، یہ صوبے میں وبائی امراض کے پھیلاؤ کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔

ان میں سے 41 لاہور میں، 18 راولپنڈی میں، 5 فیصل آباد میں، سیالکوٹ اور اوکاڑہ میں دو، سرگودھا اور بہاولپور میں تین، جبکہ دیگر چکوال، چنیوٹ، لودھراں، مظفر گڑھ اور میانوالی میں ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔