- الإعلانات -

ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار سے زائد

اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2775 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے جس کے بعد اس وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 21 ہزار 41 ٹیسٹ کیے گئے اور 2 ہزار 775 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار سے زائد ہوگئی جبکہ اب تک 84 ہزار 168 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 75 ہزار 168، پنجاب میں 71 ہزار 987، خیبر پختونخوا میں 24 ہزار303، بلوچستان میں 9 ہزار 946، اسلام آباد میں 11 ہزار 981، آزادکشمیر میں 962 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 398 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
گزشتہ ایک روز میں کورونا نے مزید 59 افراد کی جان لے لی جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 3962 تک پہنچ گئی۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 629 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک ہزار 178، خیبر پختونخوا میں 879، اسلام آباد میں 119، گلگت بلتستان میں 23، بلوچستان میں 109اور آزاد کشمیر میں 25 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔
سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔
پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔