- الإعلانات -

اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں ایک خاتون میں ڈینگی وائرس کی تصدیق،علاج جاری ہے

اسلام آباد ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سنگجانی میں ایک خاتون میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جنہیں بے نظیر شہید ہسپتال راولپنڈی میں داخل کرا دیا گیا ہے اور وہاں پر ان کا علاج جاری ہے۔ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اورانچارج ڈینگی سرویلنس سیل ڈاکٹر نجیب درانی کے مطابق اسلام آباد کے مضافاتی علاقے سنگجانی محلہ ڈھوک مکھاریاں میں سراجاں بی بی زوجہ پرویز سعودی عرب سے عمرہ کی ادائیگی کے بعد جب یہاں پہنچیں تو دو دن بعد انہیں بخار ہوا ۔ میڈیکل ٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعد ان کی خون میں ڈینگی وائرس مثبت آیا جس کی وجہ سے انہیں فوری طور پر بے نظیر شہید ہسپتال راولپنڈی میں داخل کرا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مریضہ کی مکمل نگہداشت کی جارہی ہے اور اب وہ خطرے سے باہر ہیں۔ ڈاکٹر نجیب درانی نے کہا کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے دیہی علاقوں میں شہریوں میں ڈینگی کے خلاف شعور اجاگرکرنے کےلئے مہم جاری ہے ۔