- الإعلانات -

پاکستان میں کورونا کے 2 لاکھ 87 ہزار سے زائد کیسز میں سے 2 لاکھ 65 ہزار 215 صحتیاب

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے اور اب تک 2 لاکھ 87 ہزار 300 کیسز میں سے 2 لاکھ 65 ہزار 215 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 6 ہزار 153 ہے۔

ملک میں آج (14 اگست) کی صبح تک 174 نئے کیسز اور 3 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک ہزار 155 افراد شفایاب بھی ہوگئے۔

کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاؤن کے خاتمے اور اس کے تحت عائد پابندیاں بڑی حد تک کم ہونے کے باعث قوم آج یوم آزادی کو جوش و خروش سے منا رہی ہے، تاہم حکام کی جانب سے یہ خبردار کیا گیا تھا کہ احتیاطی تدابیر اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پر عمل نہ کیا تو یہ وبا دوبارہ تیزی سے پھیل سکتی ہے۔

اگر ملک میں اب تک کی مجموعی صورتحال یا کورونا کے ان ساڑھے 5 ماہ پر نظر دوڑائیں تو 26 فروری کو کراچی میں پہلے کیس کے بعد ابتدائی ایک ماہ اس کے کیسز کی تعداد کافی کم تھی۔

تاہم اپریل میں یہ کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور پھر مئی میں اس کی صورتحال تبدیل ہونے لگی جبکہ جون کے مہینے میں یہ وائر اپنی بلندی کو پہنچ گیا اور یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی جبکہ ایک روز میں 100 سے زیادہ اموات بھی ہوئیں۔

تاہم جولائی کے مہینے میں ایک مرتبہ پھر صورتحال بہتری کی جانب آنا شروع ہوئی، یومیہ کیسز اور اموات میں کمی دیکھی گئی اور پھر اگست میں اس میں بڑی حد تک کمی ہوگئی۔

اگست میں یومیہ کیسز ہزاروں سے کم ہوکر سیکڑوں میں ہوگئے جبکہ اموات بھی سیکڑوں سے کم ہوکر درجنوں تک آگئیں۔

آج (14 اگست) کی بات کریں تو نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب
ملک کے سب سے بڑے صوبے میں کورونا وائرس کے 128 نئے مریضوں اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ان مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 94 ہزار 993 ہوگئی۔

اسی طرح ایک اور فرد کے جان کی بازی ہارنے سے اموات کی یہ تعداد 2 ہزار 180 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وبا مزید 19 لوگوں کو متاثر کرگئی۔

اعداد و شمار پر نظر ڈورانے سے معلوم ہوتا ہے کہ دارالحکومت میں ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 342 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں کورونا وائرس 24 افراد کو متاثر اور 2 کی جان لے گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں 24 مریضوں کی تشخیص ہوئی اور اس طرح مجموعی کیسز 2 ہزار 426 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے باعث کورونا سے اموات کی تعداد 60 ہوگئی۔

آزاد کشمیر
ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں یہ وائرس گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لوگوں کو متاثر کرسکا۔

یوں وہاں اب تک اس عالمی وبا کے شکار ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 167 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کی ایک بڑی وجہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے۔

ملک میں مجموعی کیسز کے 92 فیصد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس میں 1155 نئے افراد کا اضافہ بھی ہوا ہے۔

جس کے بعد اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 215 ہوگئی ہے۔

مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 287300

اموات: 6153

صحتیاب: 265215

فعال کیسز: 15932

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 25 ہزار 289 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 993 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 21 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 62 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 342 ، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 167 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 426 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2307

پنجاب: 2180

خیبرپختونخوا: 1236

بلوچستان: 138

اسلام آباد: 173

آزاد کشمیر: 59

گلگت بلتستان: 60