- الإعلانات -

وزیراعظم عمران خان کا قوم کے نام ویڈیو پیغام

وزیراعظم عمران خان نے قوم کو 74ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے پاکستان ایک عزیم خواب کا نام تھا اور یہ خواب بانیان پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور علاقہ اقبال کی تھی۔

قوم کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ خواب یہ تھا کہ ہم نے پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بناتا تھا اور اس ریاست کے اندر قانون کی بالادستی قائم کرنی تھی، جہاں سب انسانوں کے بلا رنگ و نسل برابر ہونے تھے اور ان کے حقوق ریاست کی ذمہ داری تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس سفر کی طرف نکلے ہوئے ہیں اور مجھے کوئی شک نہیں کہ انشااللہ ایک دن اس منزل پر ہم پہنچ جائیں گے لیکن اس کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کو میں دوسری مبارک باد یہ دینا چاہتا ہوں کہ جس طرح قوم نے مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کیا شاید ہی کسی اور نے اس طرح بیلنس کیا۔

انہوں نے کہا کہ شروع میں ہمیں خوف تھا ایک طرف لوگ کورونا سے مریں گے جبکہ دوسری طرف لاک ڈاؤن لگانے سے لوگ بھوک سے مریں گے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ آج کورونا کے کیسز نیچے اور معیشت اوپر جانا شروع ہوگئی ہے لیکن یہ نہیں کہ ہم جنگ جیت چکے ہیں، ابھی بھی چیلنجز سامنے ہیں، سب سے بڑی احتیاط یہ ہے کہ ہم جب باہر جائیں تو فیس ماسک پہنیں کیونکہ اس سے وبا کے پھیلنے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔

قوم کو تیسری مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے 2 سال بہت مشکل گزرے ہیں لیکن اس کے بعد ہماری معیشت اٹھنا شروع ہوئی ہے، جس طرح ہمیں حکومت ملی تو بہت مشکل حالات تھے ہمارے پاس غیرملکی زرمبادلہ نہیں تھا، ہم قرضوں کی قسطیں نہیں دے سکتے تھے، شروع میں ہم دیوالیہ بھی ہورہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اگر قرضوں یا واجبات پر دیوالیہ ہوجائے تو ملک پر بہت برے اثرات آتے ہیں، ڈالر آنا کم ہوجاتے ہیں، روپیہ نیچے گرتا ہے اور ڈالر کی قیمت اوپر چلی جاتی ہے، جس کے باعث درآمد کی جانے والی چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں اور ملک میں مہنگائی آجاتی ہے، ہم بہت بری مہنگائی سے بچے ہیں کیونکہ ہم دیوالیہ ہونے سے بچ گئے تھے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ لوگوں کے حالات آسان تھے، میں جانتا ہوں کہ لوگوں کے حالات مشکل تھے اور ہیں تاہم خوشخبری یہ ہے کہ حالات بہتر ہورہے ہیں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے دیکھنا ہے کہ کاروباری برادری کا ملکی معیشت پر کتنا اعتماد ہے تو اسٹاک مارکیٹ دیکھیں، ہماری مارکیٹ کامیابی سے ریکارڈ اوپر گئی ہے، لوگوں کا اعتماد بڑھنا شروع ہوگیا ہے، ہم نے تعمیراتی صنعت کو وہ مراعات دی ہیں جو کبھی پاکستان کی تاریخ میں اس شعبے کو نہیں ملی تھیں۔