- الإعلانات -

حکومت نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے عدالت جائیگی، شیخ رشید

راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان مشکل پڑنے پر کوئی بھی بڑا فیصلہ کرسکتے ہیں لیکن نیب زدہ لوگوں کو این آر او کبھی نہیں دیں گے۔

راولپنڈی کینٹ میں پہلے پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کی افتتاحی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اپوزیشن سے حکومت مخالف جدوجہد میں درمیان میں تنہا چھوڑ کر نہ جانے کا تحریری معاہدہ مانگ رہے ہیں لیکن اول تو اپوزیشن رہنما معاہدے کے لیے آئیں گے نہیں اور اگر آبھی گئے تو پھر چھوڑ جائیں گے۔

بلاول بھٹو کے حوالے سے سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ وہ بچہ ہے تھوڑا کچا ہے اسکو رہنے دیں، نیب زدہ لوگ این آر آو کے لیے زیادہ بول رہے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان این آر او کبھی نہیں دیں گے۔
سعودی عرب مسئلہ پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں، چھوٹی موٹی ٹک ٹک لگی رہتی ہے، آرمی چیف کے جانے کے بعد وہ بھی ٹھیک ہوگئی ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز میاں شہباز شریف کو بھی پھنسانے جارہی ہیں، شہباز شریف تاش کی بازی سجاتے ہیں اور مریم نواز اسکو بکھیر دیتی ہیں، اصل میں مریم نواز نے پتھر نیب پر نہیں بلکہ شہباز شریف کی سیاست پر برسائے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت میاں نواز شریف کو اشتہاری قرار دلوانے اور واپس وطن لانے کے لیے عدالت جائے گی، نواز شریف نے اسی لیے عدالت سے درخواست واپس لی کہ انھیں احسا س ہوگیا تھا کہ فیصلہ کچھ بھی آسکتا ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آٹا چینی کے ذخیرہ اندوزوں کی تباہی شروع ہونے والی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزادر ہی رہیں گے انھیں کچھ نہیں ہورہا۔