- الإعلانات -

کورونا کا خطرہ پھر سر اٹھانے لگا، ایک دن میں 441 نئے کیسز اور 18 افراد جاں بحق

اسلام آباد: پاکستان میں دنیا کے دیگر ملکوں کے برعکس کورونا کے پھیلاؤ میں کافی کمی دیکھی جارہی ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی اپنی روز مرہ ڈگر پر گامزن ہے تاہم چند ایام کے برعکس گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 20 ہزار 480 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، اب تک مجموعی طور پر 26 لاکھ 62 ہزار 508 ٹیسٹ ہو چکے ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے کورونا کے 441 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جو کہ گزشتہ 5 روز کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں، 26 اگست کو ملک بھر سے 445 کیسز سامنے آئے تھے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 96 ہزار 590 ہے، جن میں سے سب سے زیادہ کا تعلق سندھ سے ہے، سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 615، پنجاب میں 96 ہزار 921 ، خیبر پختونخوا میں 36 ہزار 265 ، بلوچستان میں 12 ہزار 899 ، اسلام آباد میں 15 ہزار 666، آزاد جموں و کشمیر میں 2 ہزار 302 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 922 ہے ہو گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 18 مریض دم توڑ گئے، اس وبا سے ایک دن میں ہونے والا جانی نقصان 6 اگست کے بعد سے سب سے زیادہ ہے، 6 اگست کو 21 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 96 ہزار 590 ہے جن میں سے 2 لاکھ 81 ہزار 459 مریض صحت یاب ہوچکے، ملک بھر میں اس وبا سے مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 318 جب کہ کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 8 ہزار 813 ہے، ایک ہزار 39 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جن میں سے 90 مریض وینٹی لیٹرپر ہیں۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اورہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔