- الإعلانات -

وفاقی دارالحکومت میں موسم گرما کے ملبوسات کی فروخت میں اضافہ

گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت میں موسم گرما کے ملبوسات کی فروخت کا سلسلہ بھی تیز ہو گیا۔ نئے اور استعمال شدہ گرم کپڑوں کی طلب موسم کی صورتحال میں اچانک تبدیلی سے بڑھ گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کی بڑی مارکیٹوں بشمول آب پارہ، کراچی کمپنی، ایف ٹین مرکز اور اسلام آباد کے دیگر حصوں میں استعمال شدہ کپڑوں کی خریداری کے خواہش مند لوگوں کے لئے اسٹال لگا دیئے گئے ہیں۔ اسی طرح گرمیوں کے ملبوسات کے اسٹالز اور جوتوں کی فروخت کے مراکز اتوار، منگل اور جمعہ بازاروں میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں جہاں استعمال شدہ کپڑے فروخت کیلئے دستیاب ہیں۔ آب پارہ اتوار بازار میں ایک دکاندار محسن علی نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی صارفین ملبوسات کی خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ مارکیٹوں میں غریب اور امیر افراد کے لوگوں کا ہجوم دکانداروں کے ساتھ قیمتوں میں کمی کے لئے بحث کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایف ٹین مرکز میں کپڑوں کی خریداری میں مصروف رفیع اﷲ نے بتایا کہ گرمی میں اضافہ کی وجہ سے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے ارزاں نرخوں پر کپڑوں کی خریداری کیلئے سیلز مارکیٹوں اور ہفتہ وار بازاروں کا رخ کر لیا ہے۔ جو لوگ نئے کپڑوں کی خریداری کی قوت نہیں رکھتے، وہ لنڈا بازاروں سے ارزاں نرخوں پر ملبوسات کی خریداری کر رہے ہیں۔