- الإعلانات -

دفتر خارجہ کی طرف سے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق

اسلام آباد ۔ دفتر خارجہ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق کر دی ہے جنہیں امریکی/افغان مشترکہ آپریشن میں غزنی سے بازیاب کرایا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق افغان قومی سلامتی مشیر محمد حنیف اتمار نے وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ سرتاج عزیز کو علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے بارے میں ٹیلی فون کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم کے بیٹے کو منگل کے روز غزنی، افغانستان میں افغان اور امریکی سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں بازیاب کرایا گیا۔ بیان کے مطابق علی حیدر گیلانی کو ان کے طبی معائنے کے بعد پاکستان بھیجنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔