- الإعلانات -

سٹیٹ بنک قرضہ موخرو ری شیڈول کرنے کی سکیم کے تحت 6کھرب 52 ارب 81 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے قرضے ایک سال کیلئے موخر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی کوششوں کے ضمن میں سٹیٹ بنک کے قرضہ موخرو ری شیڈول کرنے کی سکیم کے تحت اب تک 6کھرب 52 ارب 81 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے قرضوں کو ایک سال کیلئے موخرکردیا گیاہے۔

سٹیٹ بنک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد وشمارکے مطابق اصل زر کی ادائیگی ایک سال کیلئے موخرکرنے کی سکیم کے تحت دواکتوبر 2020 تک سٹیٹ بنک کو 14لاکھ ، 25 ہزار 343 درخواستیں موصول ہوئی جن کے ذمہ واجب الاداقرضہ کا حجم 24کھرب 60 ارب 93کروڑ20 لاکھ روپے ہیں،

ان میں سی13لاکھ 61ہزار 73 درخواستوں کی منظوری دی گئی ہے اور 6کھرب 52 ارب 81 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے قرضوں کو ایک سال کیلئے موخرکردیا گیا۔اسی طرح اس سکیم کے تحت ایک کھرب 12 ارب 91 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد کے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ/ری شیڈولنگ کی منظوری دی گئی ہے۔

اس سکیم کے تحت صارف قرض کا اصل زر ایک سال موخر کرنے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ سہولت ان صارفین کیلئے ہے جن کی ادائیگی 31 دسمبر 2019 تک باقاعدہ ہوچکی ہو،قرض ادائیگی موخر کرنے پر بینک کوئی فیس یا سود چارج نہیں کریں گے۔ بینکس اس دوران صرف سود یا منافع کی وصولی کر سکیں گے،جو صارفین سود یا منافع کی رقم ادا نہ کرسکیں وہ ری سٹرکچر کی درخواست کرسکتے ہیں۔ قرضوں کو موخر یا ری شیڈول کرنے سے کریڈٹ ہسٹری متاثر نہیں ہوتی۔