- الإعلانات -

کشمیر پر بھارتی قبضے کے 73 سال مکمل، وزیراعظم کا آخری دم تک کشمیریوں کی مدد کا اعلان

اسلام آباد: کشمیر پر بھارتی قبضے کے 73 سال مکمل ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے کشمیری عوام کو انصاف ملنے تک ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر اور یوم سیاہ پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہ دن بھارتی غیرقانونی قبضے کی مذمت کرنے کے لیے منا رہے ہیں، آج کے دن ہم کشمیری عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کررہے ہیں، یوم یکجہتی کشمیر انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کو اجاگر کرتا ہے آج کے دن 73 سال قبل بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر کے لوگوں پر زبردستی قبضہ کیا۔

عمران خان نے کہا کہ آج کے دن بھارتی افواج کشمیری عوام کو زبردستی محکوم بنانے سری نگر پہنچی، جموں و کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی قبضہ ایک بین الاقوامی تنازع ہے اور اس تنازع کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں میں ہے، سات دہائیوں سے جاری مظالم کے باوجود بھارت کشمیری عوام کا عزم توڑنے میں ناکام ہے۔