- الإعلانات -

صوبے بھر میں 350 سستے بازار قائم کر دیئے گئے،وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: (روزنیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں تین سو پچاس سستے سہولت بازار قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ترکی کے قومی دن پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کو مبارکباد بھی دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سہولت بازاروں میں بیس کلو آٹے کا تھیلا آٹھ سو چالیس اور چینی پچاسی روپے کلو کے حساب سے صارفین کو مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستے سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر دستیاب ہیں جہاں عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل رہا ہے۔۔۔سستے سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ وافر مقدار میں دستیاب ہیں جبکہ بازاروں کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جائیں گے اور کسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔

دوسری جانب ترکی کے قومی دن کے حوالے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام محبت، بھائی چارے اور اخوت کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاکستان اور ترکی کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں،ترکی نے اپنے قائد رجب طیب اردوان کی ولولہ انگیز قیادت میں بے پناہ ترقی کی ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی قدرتی آفت، ترکی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر پر بھی ترکی نے پاکستان کے اصولی موقف کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔