- الإعلانات -

چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے،تجارتی حجم 18ارب ڈالر تک جاپہنچا :سرتاج عزیز

اسلا م آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک)مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ  پاک چین دوستی میں ایک اہم سنگ میل ہے اور تاریخی طور پر ہماری دوستی بہت گہری ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ’’ پاک چین مشترکہ ثقافتی شو ‘‘ سے خطاب کررتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات میں، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور چین اب ہمارا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم اٹھارہ ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کوگزشتہ دو سال کے دوران پاکستان اور چین کی قیادت کی طرف سے مسلسل فروغ ملاہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملک مساوی خودمختاری اور عدم مداخلت کے اصولوں پر پختہ یقین رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کی علاقائی خودمختاری اور سا لمیت کیلئے ہمیشہ بھرپور مدد کی ہے جبکہ پاکستان نے بھی ہمیشہ تائیوان ‘ تبت اور سنکیانگ کے معاملات پر چین کی حمایت کی ہے۔