- الإعلانات -

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عامر محمود کیانی نے پارٹی کے نائب صدر زاہد حسین کاظمی کو مرکزی سیکرٹریٹ کے منتظم کی زمہ داری سونپ دی

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما زاہد حسین کاظمی مرکزی سیکرٹریٹ کے منتظم مقرر کردیے گئے ہیں۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق زاہد حسین کاظمی کی بطور منتظم تحریک انصاف مرکزی سیکرٹریٹ تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے اعلامیے کے مطابق نوٹیفکیشن مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی کیجانب سے جاری کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ زاہد حسین کاظمی تحریک انصاف کی مرکزی گورننگ باڈی میں بطور مرکزی نائب صدر بھی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔

مزید یہ کہ زاہد حسین تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کے انتظامی معاملات کے ذمہ دار ہوں گے اور بطور منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی جماعت کے تمام سیکریٹریز کی کارکردگی مانیٹر کرنے کے بھی مجاز ہوں گے۔ سیکرٹری جنرل کے نوٹیفکیشن کے مطابق منتظم مرکزی سیکرٹریٹ تمام سیکریٹریز کی تقرریوں پر نظرثانی بھی کرسکیں گے جبکہ مرکزی سیکرٹری جنرل نے مرکزی سیکرٹریٹ کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران اور تمام جماعتی سیکریٹریز کو منتظم مرکزی سیکرٹریٹ سے مکمل تعاون کی ہدایت دی ہیں۔

زاہد حسین کاظمی کی تقرری کے موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی کی جانب سے زاہد حسین کاظمی کیلئے نیک تمناں اور خواہشات کا اظہار کیا گیا۔