دہشتگردوں کیلیے بنائے گئے قوانین کو سیاستدانوں کیخلاف استعمال کیا جارہا ہے، پیپلزپارٹی
پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر شیری رحمان کا کہنا ہےکہ دہشت گردوں کے خلاف بنائے گئے قوانین کو سیاستدانوں کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے ہمیں ملک میں جاری نیشنل ایکشن پلان پر وضاحتیں درکار ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ کرپشن کے خلاف کارروائی کرنا ہے تو پورے ملک میں کی جائے، پیپلزپارٹی کرپشن کا دفاع نہیں کرے گی ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور سابق وزیراعظم گیلانی اب بھی عدالت میں پیش ہونے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو صرف پیپلزپارٹی ہی نظر آرہی ہے، اس طرح کی کارروائیاں کرکے ہمیں کیا پیغام دینے کی کوشش ہورہی ہے، دہشت گردی کے خلاف کام ہمارے دور حکومت میں شروع ہوا، ہمارے دل اور نظریئے میں کبھی یہ ابہام نہیں رہا کہ پاکستان کا جھنڈا جلانے والوں اور دہشت گردوں سے مذاکرات کیے جائیں۔