- الإعلانات -

وزیر اعظم کو اپنی صحت سے بڑھ کر ملک کی فکر ہے ،ترجمان وزیر اعظم ہاوس

اسلام آباد وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نواز شریف لندن میں رہ کر بھی ملکی امور کی نگرانی کررہےہیں۔وزیر اعظم کے ملٹری سیکرٹریز اور دیگر عملہ ان کی مکمل معاونت کررہا ہے اور ان کو ملک کی تمام صورتحال سے متعلق مکمل طورپر آگاہ رکھا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان نے نوازشریف کے آپریشن کے سلسلہ میں لندن کے قیا م کے حوالہ سے جاری بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم لندن میں رہ کر بھی ملکی معاملات سے آگاہ ہیں۔وہ وہاں سے پاکستان کے تمام متعلقہ امور کی نگرانی کررہے ہیں۔ترجمان کے مطابق وزیر اعظم کو ملک کے حالات سے آگاہ رکھا ہواہے۔اس سلسلہ مین وزیر اعظم کے ملٹری سیکرٹری اور دیگر عملہ ان کی مسلسل معاونت کررہا ہے۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے دی جانے والی ہدایات کو بھی متعلقہ محکموں تک پہنچایا جا رہا ہے۔کوئی بھی اہم معاملہ تاخیر یا التوا کا شکار نہیں ہوگا۔ سرجری کے فوری بعد وزیراعظم ملکی چیف ایگزیکٹو کی  ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
ترجمان نے وزیر اعظم کے آپریشن کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم لندن میں آپریشن کیلئے مقیم ہیں ۔وزیراعظم کو دوران علاج ڈاکٹرز نے فوری آپریشن کی تجویز دی تھی جس پر منگل کے روز ان کا آپریشن کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم اوپن ہارٹ سرجری کیلئے لندن میں مقیم ہیں جہاں منگل کے روز ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہو گی ۔سرجری کے بعد وہ 2ہفتے تک لندن میں قیام کریں گے جس کے بعد وہ ڈاکٹرز کی اجازت کے بعد ملک واپس آئیں گے۔