- الإعلانات -

براڈشیٹ معاملہ: چیئرمین نیب کوطلب کرنے کا فیصلہ شبلی فراز کی مخالفت پر تبدیل

براڈشیٹ کا معاملہ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات میں پہنچ گیا، چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کو آئندہ اجلاس میں طلب کرنے کا فیصلہ وزیر اطلاعات شبلی فراز کی مخالفت پر واپس لے لیا گیا۔ کمیٹی کے چیئرمین جاوید لطیف نے کہا کہ وزیراطلاعات چاہتے ہیں تو چیئرمین نیب کے نمائندے کو بلاکر بریفنگ لے لیتے ہیں، نیب کا نمائندہ مطمئن نہ کرسکا تو پھر بھی چیئرمین نیب کو طلب کرنا پڑے گا۔

اجلاس میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کو بلانا ہے تو پھر براڈشیٹ کے باقی کرداروں کو بھی بلائیں، کل کوئی کمیٹی سابق وزیراعظم کو بھی بلاسکتی ہے۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ چیئرمین نیب کو بلانے کی بات مضحکہ خیز ہے، ،اپوزیشن کا مقصد نیب کو دباؤ میں لاناہے، براڈ شیٹ پرانکوائری کمیٹی کا نوٹیفکیشن آج یا کل جاری ہوجائے گا۔