- الإعلانات -

گورنر ہاؤس سندھ مخالفین کوکچلنےکیلئے استعمال ہو رہا ہے، مصطفیٰ کمال

چیئرمین پاک سر زمین پارٹی(پی ایس پی) مصطفیٰ کمال کاکہنا ہےکہ گورنر ہاؤس سندھ مخالفین کو کچلنے کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔ کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مخالفین کو قومی احتساب بیورو (نیب) کا لیٹر مل جاتا ہے ، متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) جیسی جماعت کو اب تک نیب کا نوٹس کیوں نہیں آیا، عمران خان کے مخالف ہوگے تو نیب کا لیٹر آئےگا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ نے گورنر ہاؤس کو تحریک انصاف کا آفس بنایا ہوا ہے، گورنر ہاؤس سیاسی دفتر بناہوا ہے اور مخالفین کو کچلنے کے لیے استعمال ہو رہا ہے جب کہ وفاق اپنے اتحادیوں کو بچانے کی کوشش کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں شہر کی آبادی کم دکھائی گئی، کراچی اب خاموش نہیں رہےگا، ورنہ تباہ ہوجائے گا، آبادی کو صحیح گنا جائے تو قومی اسمبلی کی 40 سیٹیں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یو ٹرن کے ماسٹر ہیں اس پر بھی یوٹرن لیں،مردم شماری پر یوٹرن لیں گے تو پچھلے یو ٹرن جائزبنالیں گے،گنتی درست نہ ہو تو کیا خاک روزگار ملےگا۔