- الإعلانات -

جماعت اسلامی کا عید کے بعد کرپشن کے خلاف پیدل مارچ کا اعلان

جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف عید کے بعد راولپنڈی میں پیدل مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔ سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ بعض سیاسی جماعتیں صرف نواز شریف کا احتساب چاہتی ہیں، جبکہ حکومت کہتی ہے کہ نواز شریف کا احتساب نہ ہو باقی سب کا ہو۔

منصورہ میں پریس کانفرنس کرتےہوئے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ سیلفی کے بعد اگر کوئی چیز مشہور ہوئی ہے تو وہ کرپشن ہے، اب تو اسکول کے بچے بھی کہتے ہیں کہ تمام مسائل کی جڑ کرپشن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کسی ایک خاندان کا نہیں بلکہ سب کا احتساب چاہتی ہے، جبکہ عید کے بعد کرپشن کے خلاف راولپنڈی میں پیدل مارچ کیا جائیگا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو کہتا ہوں اس سے پہلے ان کے ساتھ سابق کا لفظ لگ جائے اپنی پالیسیاں بدل لیں۔ قوم حکومتی رویے سے نالاں ہے، جبکہ حکومت کی عوام دوست پالیسی کہیں نظر نہیں آرہی ہے۔