- الإعلانات -

پیپلز پارٹی کے دور میں روزگار ملتا ہے لیکن ن لیگ آ کے چھین لیتی ہے۔شیخ رشید

اسلام آباد پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ پاکستان میں بے روزگاری کی بڑی وجہ بھارتی سمگلنگ ہے اور اس کی وجہ سے معیشت زبوں حالی کا شکار ہے۔ بجلی سستی کریں ورنہ بھارت آپ کو کھا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ رشید احمد موجودہ حکومت پر خوب گرجے برسے ۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سینیٹر بننا بہت آسان لیکن عوامی طور پر منتخب ہونا بہت مشکل کام ہے ۔ اس ملک کو گینگ آف فائیو اور تھرٹی کڈز چلا رہے ہیں اگر یہ گینگ خوش تو ملک خوش اور یہ پریشان تو پورا ملک پریشان ہے ۔ ہم سب ان کے مالشیے ہیں ہمیں ان پانچ بڑوں سے جان چھڑانی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں روزگار ملتا ہے لیکن ن لیگ والے تو چپڑاسی بھی بھرتی نہیں کر رہے ۔ سابق دور میں اے ایس آئی کی نوکریاں جیب میں اور پٹواریوں کے واوچر بانٹتے پھرتے تھے لیکن اب بیروزگاری کی کوئی پرواہ نہیں ہے ۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کے چھوٹے صنعت کار اور کسان کو مار دیا ہے سستی کھاد کافائدہ غریب کسان کو نہیں، بڑے ڈیلروں ، چوروں اور لیٹروں کو ہورہاہے۔ گندم کی فی من قیمت 1300 روپے رکھی گئی ہے جو ظلم ہے۔ اس ملک میں غریب آدمی کی تنخواہ صرف 14 ہزار روپے ہے اور قبر کی قیمت 20 ہزار ہے اور کفن دفن کے ساتھ40 ہزار روپے تک اخراجات پہنچ جاتے ہیں۔