- الإعلانات -

لاہور: ٹول ٹیکس مانگنے پر سکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کردی

لاہور : رنگ روڈ پر قائداعظم انٹرچینج پر ٹول ٹیکس مانگنے پر ایس پی یو کے اہلکاروں نے فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کا اسکواڈ چینی وفد کے ساتھ سکیورٹی ڈیوٹی پر تھا، وفد کی گاڑیاں گزرنے کے بعد جیسے ہی ایس پی یو کی گاڑی آئی تو ٹول پلازہ کے ملازمین نے بیرئیر گرا دیا جس پر اہلکار نے فائرنگ کی اور نکل گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق ایس پی یو کے اہلکار سادہ لباس اور پرائیویٹ گاڑی میں تھے، گاڑی ٹول پلازہ سے گزر گئی لیکن اہلکار پھر واپس آئے اور فائرنگ کی جب کہ ٹول پلازہ کے عملے نے بھاگ کر جانیں بچائیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، فائرنگ سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، ٹول پلازہ انتظامیہ کی طرف سے درخواست ملنے پر کارروائی کی جائے گی۔