- الإعلانات -

آرمی چیف کا دورہ کراچی اہم اجلاس طلب چودہری نثار بھی شرکت کریں گے

کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر کور ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں شرکت کے لئے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی کراچی پہنچ گئے ہیں۔کراچی میں جاری رینجرز آپریشن کے باوجود گزشتہ ایک ہفتے کے دوران معروف قوال امجد صابری کے قتل اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کے اغوا جیسے واقعات پیش آئے ہیں جب کہ رمضان المبارک میں جرائم کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی وجہ سے شہر میں ایک مرتبہ پھر سے خوف کی فضا پھیل گئی ہے۔ذرائع کے مطابق مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی ایم او بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اویس شاہ کے اغوا اور امجد صابری کے قتل کے بعد امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا جب کہ ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ ابتدائی تفتیش سے متعلق بریفنگ دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی شرکت کریں گے جب کہ بعد ازاں آرمی چیف رینجرز ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کریں گے۔