- الإعلانات -

جامعہ حقانیہ کو فنڈز دینے کا معاملہ، پی پی کا یکم جولائی کو اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب

کراچی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت مخالف تحریک اور جامعہ حقانیہ کو فنڈز دینے پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے یکم جولائی کو پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم جولائی کو پی پی کی اعلیٰ سطح کی قیادت کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا جس میں پارٹی کی پارلیمانی و سیاسی کمیٹیوں کے سینئر عہدیداران کے علاوہ مرکزی رہنما شرکت کریں گے ۔ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں عید کے بعد حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے مشاورت ہوگی اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی جانب سے مدرسہ جامعہ حقانیہ کو 30 کروڑ روپے کے فنڈز کے حوالے سے تحفظات کا بھی اظہار کیا جائے گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جامعہ حقانیہ کو فنڈز دیے جانے کے بعدپیپلز پارٹی کے پی ٹی آئی سے تحفظات بڑھ گئے ہیں تاہم امکان یہی ہے کہ حکومت کے خلاف مشترکہ طور پر تحریک چلائی جائے گی ۔