- الإعلانات -

پی ایس ایل6: پشاور زلمی کا کراچی کنگز کو جیت کے لئے 189 رنز کا ہدف

کراچی: روی بوپارہ اور شیرفین رتھر فورڈ کی زبررست بلے بازی کے باعث پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کے لئے 189 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔پاکستان سپر لیگ سیزن سکس کے 13 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کیلئےایک سو نواسی رنز کا ہدف دیا ہے۔

کراچی کنگز نے پاور پلے میں پشاور زلمی کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تین کھلاڑی آوٹ ہونے کے بعد پشاور زلمی کے بوپارا اور ردرفورڈ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

بوپارانے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ردرفورڈ 32 گیندوں پر چھیالیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اختتامی اوورز میں عماد بٹ نے سات گیندوں پر ستائیس رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔کراچی کنگز کے عباس آفریدی اور محمد الیاس نے دو دو جبکہ ڈین کرسٹن نے ایک شکار کیا۔

کراچی کنگز نے آج کے میچ کے لئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی، وقاص مقصود کی جگہ عباس آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا، دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈینیل کرسچن، محمد الیاس، محمد عامر اور ارشاد اقبال شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کنگز کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

پشاور زلمی کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں گئیں، کپتان وہاب ریاض کمر میں تکلیف کے باعث کراچی کنگز کے خلاف نہیں کھیل رہے ان کی جگہ شعیب ملک ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں, دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، ٹام کیڈمور کوہلر، حیدر علی، روی بوپارا، شرفین ردرفورڈ، عماد بٹ، عمید آصف، ثاقب محمود، محمد عرفان اور محمد عمران شامل تھے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن سکس میں اب تک تمام ٹیمیں چار چار میچز کھیل چکی ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پشاور زلمی پہلے، اسلام آباد یونائیٹڈ دوسرے، لاہور قلندرز تیسرے، کراچی کنگز چوتھے، ملتان سلطانز پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آخری نمبر پر موجود ہے۔

اب تک کھیلے گئے چار میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ملتان سلطان نے چار میں سے ایک میچ میں فتح حاصل کی ہے، کراچی کنگز نے اپنے چار میچز میں سے دو میں فتح سمیٹی جبکہ پشاور زلمی اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے اس نے اپنے چار میں سے تین میچز میں فتح حاصل کی ہے۔