- الإعلانات -

نواز شریف کے کہنے پر ارکان نے ڈسپلن دکھایا اور یوسف گیلانی کو ووٹ دیا، مریم

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ 22 کروڑ عوام عمران خان کو جھولیاں بھر بھر کر بددعائیں دے رہے ہیں۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب میں مریم نے کہا کہ ن لیگ کے ارکان اسمبلی نے سینیٹ الیکشن میں نواز شریف کے کہنے پر ڈسپلن کا مظاہرہ کیا اور یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ یہ سمجھتے تھے جیلوں میں رہنماؤں کو بند کرکے مسلم لیگ ن کو توڑ لیں گے، مسلم لیگ ن نہیں ٹوٹی، توڑنے والے خود ٹوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ آفرین ہے ، آپ نے نوازشریف کا سر جھکنے نہیں دیا۔ مریم نے کہا کہ کسی بھول اور غلط فہمی میں مت رہنا کہ نوازشریف کا ووٹر اور سپورٹر صرف الیکشن کے دن ووٹ ڈالنے نکلتا ہے، کسی بھول میں مت رہنا، نواز شریف کا کارکن جاگ گیا ہے، نواز شریف کا ووٹر دھاندلی کے خلاف نکلا ہے، نواز شریف کے کارکن عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔